قطر کے دارالحکومت دوحہ میں پہلےالہمبا فیسٹول میں متعدد اقسام کے پاکستانی آموں اور آموں سے بنی مصنوعات کی نمائش جاری ہے جس میں قطری شہریوں کی بڑی تعداد نے زبردست دلچسپی کا اظہار کیا ہے۔ دوحہ میں پاکستانی سفارتخانے نے اس نمائش کا اہتمام مقامی ادارے پرائیویٹ انجینئرنگ آفس کی سیلیبریشنز آرگنائزنگ کمیٹی کے تعاون سے سوق واقف میں کیا ہے، گزشتہ روز شروع ہونے والی یہ نمائش 6 جولائی تک جاری رہے گی۔
قطر میں پاکستان کے سفیر اعجاز احمد نے الہمبافیسٹول کو دونوں ممالک کے درمیان غذائی اشیا کے ذریعے تقافتی تبادلوں کے فروغ کے ساتھ ساتھ قطر میں پاکستانی آموں کی متنوع اقسام کو متعارت کرانے کا موقع قرار دیا ہے۔
سفیر نے کہا کہ پاکستانی آموں کی نمائش میں شرکت کرنے والے قطری خاندانوں کے لئے بہترین اور متنوع ذائقوں والے آموں کے ساتھ یہ ایک یادگار تقریب رہے گی۔
انہوں نے یقین ظاہر کیا کہ یہ تقریب قطر کے درآمد کنندگان کو نہ صرف پاکستان سے آم بلکہ دیگر زرعی مصنوعات بشمول چاول، کھانے پینے کی اشیا اور دیگر پھلوں کے آرڈر دینے کی طرف راغب کرے گی۔ نمائش میں 43 سے زیادہ کمپنیاں حصہ لی رہیں جنہوں نے اس موقع پر اپنے ایک سو آئوٹ لیٹس قائم کئے ہیں۔ نمائش میں سندھڑی، چونسہ، سفید چونسہ، انور رٹول اور دوسیری جیسی مقبول اقسام کے آم اور آموں سے بنی مصنوعات بشمول جوس اور اچار رکھے گئے ہیں۔
اس نمائش میں آموں کے علاوہ فالسہ، جامن اور آڑو جیسے موسمی پھل بھی رکھے گئے ہیں ۔ پاکستانی کھانے اس تہوار کی ایک اور خصوصیت ہے جس میں پاکستان کے روایتی اور جدید پکوان شامل ہیں۔نمائش میں مقامی ریستوران اور کیفے بھی شرکت کر رہے ہیں جو پاکستان کے ثقافتی ورثے کو بیرون ملک متعارف کرانے میں معاون ثابت ہوں گے۔اس نمائش میں درآمد کنندگان، ریٹیلرز اور برآمد کنندگان کےساتھ ساتھ پاکستان کی کمپنیاں پراسیس شدہ کھانوں اور خشک آموں کی نمائش کر رہی ہیں جو آم سے تیار کی گئی مختلف مصنوعات فروخت کرتی ہیں۔
قابل ذکر کمپنیوں میں زہیر امپیکس، اکین فوڈز، کاشان ٹریڈرز، فرائیڈے فریش پرائیویٹ لمیٹڈ، نورس پرائیویٹ لمیٹڈ، پاک خیبر ٹریڈرز، آج انٹرپرائزز، الحمد ایگرو کیمیکلز اور سوات انٹرنیشنل ٹریڈنگ کمپنی شامل ہیں۔ شرکت کرنے والے بڑے ریٹیل سٹورز میں البلادی ہائپر مارکیٹ، مرزا ہائپر مارکیٹ، سندر مارٹ اور الحمالیہ ٹریڈنگ شامل ہیں۔اس نمائش میں ڈیزرٹ گرین قطر بھی شریک ہے جو بہترین زرعی طریقوں اور اختراعات کی حامل نرسری ہے۔ نمائش میں سوات انٹرنیشنل ٹریڈنگ کمپنی نے پاکستانی دستکاری مصنوعات بھی متعارف کرائی ہیں