وائٹ ہاؤس کے سامنے ریلی، صدر بائیڈن پر تنقید

غزہ جنگ کے خلاف ہزاروں کی تعداد میں احتجاج کرنے والے مظاہرین نے وائٹ ہاؤس کے قریب ’ریڈ لائن‘ کے نام سے ریلی نکالی۔
خبر رساں ادارے اے ایف پی کے مطابق سنیچر کو مظاہرین نے امریکی صدر جو بائیڈن پر غصے کا اظہار کیا کہ وہ حماس کے خلاف اسرائیل کی خونی مہم کو برداشت کر رہے ہیں۔
مظاہرین نے ہاتھ میں بینر اٹھا رکھے تھے جن پر اسرائیلی فوج کے ہاتھوں مارے جانے والے فلسطینیوں کے نام درج تھے۔وائٹ ہاؤس کے قریب منعقد ہونے والے اس احتجاج میں مظاہرین نے ’ڈی سی سے فلسطین تک ہم ریڈ لائن ہیں‘ کہ نعرے لگائے۔
امریکہ کو اپنے اہم اتحادی ملک اسرائیل کی طرف داری کرنے پر شدید تنقید کا سامنا ہے۔
وائٹ ہاؤس نے مئی میں کہا تھا کہ اسرائیل نے رفح پر مہلک حملے سے ’ریڈ لائن‘ یعنی سرخ لکیر عبور نہیں کی جبکہ اس سے دو ماہ قبل جو بائیڈن نے جنوبی غزہ کے اس شہر پر زمینی کارروائی سے متعلق سوال پر مخالفت کی تھی۔
تمام مظاہرین سرخ کپڑوں میں ملبوس تھے اور ہاتھ میں فلسطینی جھنڈے اور بینر اٹھا رکھے تھے جن پر لکھا تھا ’بائیڈن کی ریڈ لائن ایک جھوٹ تھا‘ اور ’بچوں پر بم برسانا اپنا دفاع نہیں ہے۔‘

پنھنجي راءِ لکو