’پریذیڈنٹ ڈے آف پاکستان‘، پیپلز پارٹی کا مینارِ پاکستان پر میوزیکل شو کا اعلان

پاکستان پیپلز پارٹی نے صدر آصف علی زرداری کی سالگرہ پر جشن منانے کا اعلان کیا ہے۔
پاکستان پیپلز پارٹی کی جانب سے جاری ایک اعلامیے میں کہا گیا ہے کہ 26 جولائی کو صدر آصف علی زرداری کی 69ویں سالگرہ کو پیپلز پارٹی ’پریذیڈنٹ ڈے آف پاکستان‘ کے طور پر منائے گی۔
پیپلزپارٹی کے رہنما فیصل میر کے مطابق لاہور میں دو بڑے ایونٹ رکھے گئے ہیں۔ 25 جولائی کو گورنر ہاؤس میں ایک تقریب ہو گی جس میں مہمان خصوصی سابق وزیراعظم پاکستان اور پیپلز پارٹی سینٹرل پنجاب کے صدر راجہ پرویز اشرف ہوں گے۔اس تقریب میں سالگرہ کا کیک کاٹا جائے گا اور جیالے شرکت کریں گے۔
اسی طرح دوسری تقریب ایک میوزیکل شو کی صورت میں مینار پاکستان پر منعقد کی جائے گی۔ یہ تقریب پیپلز پارٹی کے ٹکٹ ہولڈر فیصل میر کی جانب سے رکھی گئی ہے۔پروگرام کی میزبانی عائشہ جہانزیب کریں گی۔ گلوکارہ نمرہ مہرہ اور ساحر علی بگا موسیقی سے تقریب کو چار چاند لگائیں گے۔ فیصل میر کی جانب سے ہر سال پریذیڈنٹ ڈے منانے کے حوالے سے قرارداد پیش کی جائے گی۔

پنھنجي راءِ لکو