تقریباً 1051 کلومیٹر طویل سفر ہے جو ترکی کے دارالحکومت انقرہ سے شروع ہو کر خوبصورت پہاڑی نظاروں سے بھرپور راستوں پر ملک کے سب سے اہم تاریخی مقامات سے گزرتا ہوا دیاربکر تک جاتا ہے۔
دنیا بھر میں ٹرین کا سفر پھر سے مشہور ہو رہا ہے۔ ایک جانب میکسیکو میں مایا ٹرین ہے تو دوسری جانب یورپ میں برسلز اور پراگ کے درمیان چلنے والی ٹرین۔ بہت سی ٹرین کمپنیاں اب پرآسائش سہولیات فراہم کر رہی ہیں جیسا کہ اوریئنٹ ایکسپریس کی نئی ’لا دولچے ویٹا‘ ٹرین جو انتہائی پرتعیش انداز میں اٹلی کی سیر کرواتی ہے۔
عالمی سفری منصوبہ بندی سے متعلقہ ویب سائٹ ’روم ٹو ریو‘ کے سی ای او یش مننگی کے مطابق اس کی وجہ ٹرین کے سفر کی مانگ میں اضافہ ہے۔ وہ بتاتے ہیں کہ 2019 کے مقابلے میں ٹرین کا سفر کرنے والوں کی تعداد میں 170 گنا اضافہ ہوا۔
اس رجحان کی سب سے تازہ مثال ترکی کی نئی میسوپوٹامیا ٹرین ہے جس کا آغاز اپریل 2024 میں ہوا۔ اس سے قبل ’ایسٹرن ایکسپریس‘ نامی ایک ٹرین 2019 میں شروع ہوئی تھی جس کی مقبولیت کے بعد متعارف کروائی جانے والی ’میسوپوٹامیا ایکسپریس‘ سیاحوں کو ترکی کے وسطی اناطولیہ خطے کا ایک یادگار سفر کرواتی ہے جو تاریخ اور ثقافت سے مالامال ہے