زرتاج گل قومی اسمبلی میں سنی اتحاد کونسل کی پارلیمانی لیڈر نامزد بانی پی ٹی آئی عمران خان نے زرتاج گل کی بطور پارلیمانی لیڈر تقرری کی منظوری دیدی،سنی اتحاد کونسل کے سربراہ سپیکر قومی اسمبلی کو پیر کے روز زرتاج گل کی نامزدگی بارے آگاہ کریں گے

اسلا م آباد(08جون 2024 ) سنی اتحاد کونسل کی زرتاج گل کو قومی اسمبلی میں پارلیمانی لیڈر نامزد کر دیاگیا،بانی پی ٹی آئی عمران خان نے زرتاج گل کی بطور پارلیمانی لیڈر تقرری کی منظوری دیدی،پاکستان تحریک انصاف نے قومی اسمبلی میں پارلیمانی لیڈر کیلئے چار نام تجویز کئے تھے جن میں زرتاج گل، صاحبزادہ محبوب سلطان، زین قریشی اور احمد چٹھہ کا نام شامل تھا۔
یہ بھی بتایاگیا ہے کہ سنی اتحاد کونسل کے سربراہ سپیکر قومی اسمبلی سردار ایازصادق کو پیر کے روز زرتاج گل کی باقاعدہ نامزدگی بارے آگاہ کریں گے۔خیال رہے کہ اس سے قبل گزشتہ ماہ سنی اتحاد کونسل نے قومی اسمبلی میں زین قریشی کو پارلیمانی لیڈر نامزد کیا تھا۔ پاکستان تحریک انصاف کے کور کمیٹی کے اجلاس میں زین قریشی کو پارلیمانی لیڈر نامزد کرنے کا فیصلہ کیا گیاتھا۔
سنی اتحاد کونسل کی جانب سے سپیکر قومی اسمبلی سردارایازصادق کو زین قریشی کو پارلیمانی لیڈر نامزد کرنے کے حوالے سے درخواست دے دی گئی تھی۔ زین قریشی شاہ محمود قریشی کے صاحبزادے اور رکن قومی اسمبلی ہیں۔یاد رہے کہ 9مارچ کو سنی اتحاد کونسل نے قومی اسمبلی میں عمر ایوب کو اپوزیشن لیڈر منتخب کر کے سپیکرقومی اسمبلی کے آفس میں نام جمع کرادیاتھا۔
قومی اسمبلی میں اپوزیشن لیڈر کی نشست کیلئے سنی اتحاد کونسل نے عمر ایوب خان کا نام سپیکر قومی اسمبلی سردار ایاز صادق کے آفس میں جمع کروایا تھا۔لیڈر آف اپوزیشن کا نام ملک عامر ڈوگر کی جانب سے جمع کروایا گیاتھا۔ اس موقع صاحبزادہ حامد رضا، علی محمد خان، ریاض فتیانہ، ڈاکٹر نثار جٹ اور دیگر اپوزیشن ممبران بھی موجود تھے۔ سپیکر قومی اسمبلی سردارایاز صادق نے قومی اسمبلی میں قواعد و ضوابط کے رول 39 کے تحت جانچ پڑتال کا عمل مکمل ہونے کے بعدعمر ایوب کو قائد حزب اختلاف قرار دیاتھا۔

پنھنجي راءِ لکو