انڈیا کے الیکشن کے نتائج کے مطابق وزیر اعظم نریندر مودی، جواہر لعل نہرو کے بعد مسلسل تیسری بار پارلیمانی انتخابات جیتنے والے پہلے سیاسی رہنما بن گئے ہیں تاہم بی جے پی وہ بھاری اکثریت حاصل کرنے میں ناکام رہی ہے جس کا دعویٰ انتخابات سے قبل کئی بار کیا گیا۔
بی جے پی کے دعوؤں اور ’ایگزیٹ پولز‘ کی توقعات کے برعکس انڈیا کے پارلیمانی انتخابات میں حیرت انگیز نتائج دیکھنے کو ملے اور کانگریس کی قیادت میں اپوزیشن اتحاد مودی کی بھارتیہ جنتا پارٹی کو نمایاں طور پر کمزور کرنے میں کامیاب رہا ہے۔
اب تک کے رجحانات کے مطابق بی جے پی کی قیادت میں سیاسی جماعتوں کا اتحاد ’نیشنل ڈیموکریٹک الائنس‘ (این ڈی اے) 543 میں سے 292 نسشتوں کے ساتھ انتخابات جیتنے کی طرف گامزن ہے اور کانگریس کی قیادت میں اپوزیشن ’انڈیا‘ اتحاد کو 234 نشستیں ملی ہیں۔
الیکشن کمیشن کی ویب سائٹ کے مطابق تمام نتائج کا اعلان کر دیا گیا ہے اور حکمراں بی جے پی 240 سیٹیں حاصل کرنے میں کامیاب ہوئی ہے، جو 2019 کے پارلیمانی انتخابات میں بی جے پی کی جیتی گئی سیٹوں سے تقریباً 60 کم ہیں۔ دوسری جانب کانگریس کو 99 سیٹیں ملی ہیں جو کہ سنہ 2019 کے انتخابات کے مقابلے میں تقریباً دو گنا ہیں